اے این ایف کا مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن
اسلام آباد(بولونیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے خاتون سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران 77 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی مجموعی طور پر 33.62 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے ایک مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران کپڑوں میں جذب شدہ 14.912 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔ اسی طرح جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کارگو شیڈ میں فلپائن جانے والے ایک پارسل سے کپڑوں میں جذب 13.350 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔
مزید برآں راولپنڈی میں ترنول ٹول پلازہ کے قریب کارروائی کے دوران ایک مسافر خاتون کے قبضے سے 4.800 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
اے این ایف حکام کے مطابق تمام کارروائیوں کے تحت انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔


