عمران خان کے بیٹوں کا والد سے ملاقات کے لیے پاکستان آنے کا اعلان

اسلام آباد/لندن(بولونیوز)پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے بیٹوں قاسم خان اور سلیمان خان نے والد سے ملاقات کے لیے پاکستان آنے کا اعلان کر دیا ہے۔ قاسم خان کے مطابق دونوں بھائیوں نے پاکستانی ویزوں کے لیے درخواست دے دی ہے اور توقع ہے کہ یہ عمل مکمل ہو جائے گا، جس کے بعد وہ جنوری میں پاکستان آنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

یہ بات قاسم خان نے برطانوی نشریاتی ادارے اسکائی نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ حکومتی شخصیات کی جانب سے یہ کہا گیا ہے کہ وہ پاکستان آ سکتے ہیں اور عمران خان سے ملاقات کر سکتے ہیں، اس لیے اب وہ عملی طور پر اپنے دورے کی تیاری کر رہے ہیں۔

قاسم خان کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عمران خان کی بہنوں کو ایک بار پھر اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا ہے کہ اس موقع پر واٹر کینن کے ذریعے کیمیکل ملا پانی بھی استعمال کیا گیا، جس پر عمران خان کے اہل خانہ اور پارٹی قیادت نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اسکائی نیوز کے انٹرویو میں قاسم خان سے یہ سوال بھی کیا گیا کہ آیا وہ عمران خان سے ملاقات کے دوران کسی ممکنہ “ڈیل” پر بات کریں گے۔ اس پر قاسم خان نے واضح کیا کہ عمران خان کی زندگی کا مقصد پاکستان کو بدعنوانی سے نجات دلانا ہے اور وہ کسی قسم کے سمجھوتے یا ڈیل پر یقین نہیں رکھتے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان کوئی ڈیل کر کے بیرون ملک چلے جائیں تو یہ ان کے لیے شدید ذہنی اذیت کا باعث ہوگا۔

قاسم خان نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے والد آزاد ہو کر ان کے ساتھ وقت گزاریں، لیکن عمران خان کا مقصد ذاتی خواہشات سے کہیں بڑا ہے، جس کا احترام کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ والد سے یہ جاننا چاہتے ہیں کہ وہ ان کی رہائی کے لیے کس طرح مدد کر سکتے ہیں، کیونکہ اس وقت وہ خود کو بے بس محسوس کر رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نانی کے انتقال کے بعد سے ان کی عمران خان سے بات نہیں ہو سکی اور وہ پاکستان آ کر اس حوالے سے بھی والد سے بات کرنا چاہتے ہیں، کیونکہ عمران خان اپنی والدہ کے انتقال کے بعد نانی کو ماں کا درجہ دیتے تھے۔

مستقبل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے قاسم خان نے خدشہ ظاہر کیا کہ حالات بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں اور اقتدار میں موجود لوگ مزید مضبوط ہو رہے ہیں، جس کی وجہ سے کسی حل کی امید کم نظر آتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں ڈر ہے کہ شاید وہ اپنے والد کو دوبارہ نہ دیکھ سکیں۔

اس موقع پر سلیمان خان نے بھی کہا کہ عمران خان کسی قسم کی ڈیل یا سمجھوتے کے قائل نہیں ہیں، اور ان کا ماننا ہے کہ ایسے حالات میں بین الاقوامی دباؤ ہی تبدیلی کا مؤثر ذریعہ بن سکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *