طالبات کو ہراساں کرنے والے 3 ملزمان گرفتار
حافظ آباد(بولونیوز)طالبات کو ہراساں کرنے والے3 ملزمان کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کیخلاف طالبہ کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
حافظ آباد پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان طالبات کوہراساں کرنے میں ملوث تھے، مزید کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
اس سے قبل ملتان میں بچیوں کو ہراساں کرنیوالے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، ملزم کی سوشل میڈیا پر بچیوں کو چھیڑنے کی ویڈیووائرل ہوئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق ملتان میں سی سی ڈی نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے شاہ رکن عالم میں بچیوں کو ہراساں کرنیوالے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
سی سی ڈی حکام نے بتایا کہ ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، ملزم کی سوشل میڈیا پر بچیوں کو چھیڑنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔
ملزم کو ویڈیو میں موٹرسائیکل پر فرار ہوتا دیکھا جاسکتا ہے، جس کے بعد سی سی ڈی نے ویڈیو موصول ہوتے ہی ٹیمیں تشکیل دیں اور سی سی ٹی وی اور جدید طریقہ تفتیش سے ملزم کو ٹریس کیا گیا۔


