سرجانی ٹاؤن میں انسدادِ پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیم پر فائرنگ
کراچی(بولونیوز)سرجانی ٹاؤن سیکٹر الیون ون میں انسدادِ پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیم پر فائرنگ کا سنگین واقعہ پیش آیا، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے باوجود پولیو ٹیم خوش قسمتی سے محفوظ رہی اور واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم پولیس نے واقعے کو حساس نوعیت کا قرار دیا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح ملزم نے پولیو ٹیم کو نشانہ بنایا اور فائرنگ کے فوراً بعد موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم فرار ہوتے وقت اسلحہ موقع پر ہی پھینک گیا، جسے پولیس نے تحویل میں لے لیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ برآمد ہونے والے اسلحے کی فرانزک جانچ شروع کر دی گئی ہے تاکہ ملزم کی شناخت اور گرفتاری میں مدد مل سکے۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا گیا جبکہ پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔


