دلی سےبمبئی،بنگال سےگجرات تک بھارت کبھی شکست فراموش نہیں کر سکے گا، وزیر اعظم
ہری پور(بولونیوز)وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دلی سے بمبئی اور بنگال سے گجرات تک بھارت کبھی شکست فراموش نہیں کر سکے گا۔
وزیر اعظم نے یونیورسٹی آف ہری پور میں لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ خیبر پختونخوا کے بہادر عوام نے ملک کیلیے بہت قربانیاں دی ہیں تاریخ ان قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی، ان قربانیوں کی بدولت ملک میں امن قائم ہوا، آپ قوم کے ہیروز ہیں اور عظیم معمار بننے جا رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ چین سے ایک ہزار بچے زراعت کی اعلیٰ ٹریننگ لے کر آئے ہیں جبکہ پنجاب سے بھی 600 نوجوانوں کو چینی زبان سیکھنے کیلیے سرکاری خرچ پر بھجوایا، نوجوان نسل ملک کی ترقی کی ضمانت ہیں، میرا ایمان ہے کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سفر کسی ایک یا دو صوبے سے نہیں چاروں صوبے مل کر ترقی کریں گے تو پاکستان ان شاء اللہ عظیم بنے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں لیپ ٹاپ دینے پر مجھ پر نشتر چلائے جاتے تھے کہ میں رشوت کے طور پر دیتا ہوں، آج تک 100 فیصد میرٹ پر 6 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے ہیں، پنجاب میں میرٹ پر لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا چکے ہیں، بچوں کو تعلیم دینا ہمارا فرض اوّل ہے۔
وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ اے آئی (مصنوعی ذہانت) کی تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو ملک سے باہر بھیج دوں گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں اپنی معیشت میں بہتری لے کر آنی ہے، جو ہوگیا سو ہوگیا ہمیں اب چیلنج کو تسلیم کرنے کی ضرورت ہے، عسکری سطح پر جس طرح آگے نکل گئے اسی طرح معاشی میدان میں بھی آگے نکلنا ہوگا، ملکی معیشت تیزی سے مستحکم ہو رہی ہے۔
تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے ہری پور کیلیے فی الفور دانش اسکول کے قیام کا اعلان بھی کیا۔
معرکہ حق پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ افواج پاکستان نے 6 سے 10 مئی کی جنگ میں مودی سرکار کو جو سبق سکھایا وہ کبھی نہیں بھولے گی، اللہ نے قوم کی دعائیں سنی اور 10 مئی کو فتح دلائی اور پاکستان کو عزت دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ معرکہ حق میں افواج پاکستان نے قوم کی دعاؤں سے فتح حاصل کی، دلی سے بمبئی اور بنگال سے گجرات تک ہندوستان یہ شکست کبھی فراموش نہیں کر سکے گا، افواج پاکستان کی بہادری اور اس فتح کو تاریخ اور تاریخ دان یاد کرتے رہیں گے۔


