جیولر 80 کروڑ روپے مالیت کا سونا لے کر مارکیٹ سے غائب
لاہور(بولونیوز)ایک معروف جیولر، جو گزشتہ 30 برس سے مارکیٹ میں سونے کے کاروبار سے وابستہ تھے، اچانک 80 کروڑ روپے مالیت کا سونا لے کر غائب ہو گئے۔ مذکورہ جیولر نے طویل عرصے کے دوران اپنے تمام ساتھیوں اور دیگر سناروں کا اعتماد حاصل کر رکھا تھا۔
ذرائع کے مطابق مارکیٹ میں کسی بھی سنار کو اگر ہنگامی بنیادوں پر سونے کی ضرورت پیش آتی تو وہ اسی جیولر سے رابطہ کرتا، جو ضرورت کے مطابق سونا فراہم کر دیتا تھا۔ اسی اعتماد کی بنیاد پر مختلف سناروں نے اپنا سونا امانتاً ان کے پاس رکھوایا ہوا تھا۔
اطلاعات کے مطابق تقریباً ایک ہفتہ قبل جیولر نے اپنے پاس امانتاً رکھے گئے 80 کروڑ روپے مالیت کے سونے کو اکٹھا کیا اور اس کے بعد مارکیٹ سے غائب ہو گیا۔ واقعے کے بعد متاثرہ سناروں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے، جبکہ معاملے کی تحقیقات کے لیے متعلقہ حکام سے رجوع کیا جا رہا ہے۔


