بلڈرز پر بھتے کے واقعات میں اضافہ، چیئرمین آباد نے کارروائی کا مطالبہ کر دیا

کراچی(بولونیوز)ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز پاکستان (آباد) کے چیئرمین حسن بخشی نے کہا ہے کہ کراچی میں بھتہ مافیا کی سرگرمیاں دن بہ دن بڑھ رہی ہیں اور بلڈرز مسلسل ہراساں کیے جا رہے ہیں۔

آباد ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسن بخشی نے بتایا کہ گزشتہ 5 ماہ میں 10 ممبرز کو دبئی اور ایران کے نمبروں سے کالز کر کے مجموعی طور پر 5 کروڑ روپے بھتے کے طور پر طلب کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کے باوجود کارروائی نہ ہونا تشویشناک ہے، اور 10 ممبران نے اس سلسلے میں آباد میں شکایات درج کرائی ہیں۔

چیئرمین آباد نے کہا کہ کراچی میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے، صبح 6 بجے ایک وکیل کو اغوا کر لیا جاتا ہے، اور لوگ اپنا کاروبار غیر ممالک منتقل کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے سرجانی ٹاؤن میں ممبران کی زمینوں پر غیر قانونی قبضوں اور سرکاری افسران کی مداخلت پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے عدالتوں کے فیصلوں پر عدم عملدرآمد، بھتوں اور قبضوں کے باوجود ایف بی آر کی چھاپے بازی، اور ایس بی سی اے کے افسران کے آشیرواد سے غیر قانونی تعمیرات کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ حسن بخشی نے مطالبہ کیا کہ شہریوں اور بلڈرز کو تحفظ فراہم کیا جائے اور بھتہ خوروں اور قبضہ گروپوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *