بجلی صارفین کے لیے خوشخبری، اسمارٹ میٹرز کی قیمتوں میں نمایاں کمی
لاہور(بولونیوز)بجلی صارفین کے لیے خوشخبری آ گئی ہے، مسابقتی عمل کو فروغ دینے کے نتیجے میں ڈسکوز کے اسمارٹ میٹرز کی قیمتوں میں چالیس فیصد تک کمی کر دی گئی ہے۔ وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کے مطابق اس اقدام سے ملکی سطح پر تقریباً ڈیڑھ سو ارب روپے کی بچت متوقع ہے۔
وزیر توانائی نے بتایا کہ تھری فیز اسمارٹ میٹر کی قیمت 45 ہزار روپے سے کم ہو کر 25 ہزار روپے ہو گئی ہے، جبکہ سنگل فیز اسمارٹ میٹر کی قیمت میں بھی 7 ہزار روپے کی کمی کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پاکستان انجینئرنگ کونسل کے قواعد میں مثبت تبدیلیاں کی ہیں، جس کے بعد بین الاقوامی کمپنیوں نے مسابقتی عمل میں بھرپور حصہ لیا اور میٹرز کی فراہمی میں درپیش رکاوٹیں ختم ہو گئیں۔
اویس لغاری کے مطابق اسمارٹ میٹرز کی قیمتوں میں کمی سے بجلی صارفین کو ڈیمانڈ نوٹس کی مد میں کم رقم ادا کرنا پڑے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسمارٹ میٹرز کے ذریعے غلط میٹر ریڈنگ اور بجلی چوری کی فوری نشاندہی ممکن ہو گی، جبکہ صارفین کو پیشگی ادائیگی (پری پیڈ) کی سہولت بھی حاصل ہو گی۔


