16 دسمبر کے سانحات قوم کے اجتماعی حافظے سے کبھی محو نہیں ہو سکتے، فوزیہ صدیقی
کراچی(بولونیوز)پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کی سیکریٹری انفارمیشن و ترجمان فوزیہ صدیقی نے 16 دسمبر کے حوالے سے جاری بیان میں کہا ہے کہ 16 دسمبر پاکستان کی تاریخ کا ایک انتہائی دلخراش دن ہے، جس نے قوم کو ایسے ناقابلِ فراموش دکھ اور صدمے دیے جو کبھی فراموش نہیں کیے جا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول اور سقوطِ ڈھاکہ جیسے قومی سانحات قوم کے اجتماعی حافظے کا مستقل حصہ ہیں اور یہ دن ہمیں بار بار اپنی غلطیوں پر غور کرنے کی تلقین کرتا ہے۔
فوزیہ صدیقی نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس میں شہید ہونے والے معصوم بچوں اور اساتذہ کی قربانیاں پوری قوم کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان شہداء کا بہایا گیا خون آج بھی انصاف اور جوابدہی کا مطالبہ کر رہا ہے، اور یہ تقاضا کرتا ہے کہ ملک میں ایسی پالیسیوں اور طرزِ حکمرانی کا خاتمہ کیا جائے جو انتہا پسندی، ناانصافی اور بدانتظامی کو فروغ دیتی ہوں۔
ترجمان پی ٹی آئی کراچی فوزیہ صدیقی نے سقوطِ ڈھاکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ سانحہ اس تاریخی حقیقت کا عکاس ہے کہ عوامی مینڈیٹ کو کچلنے، سیاسی ناانصافی اور غلط فیصلوں کے نتائج کس قدر بھیانک ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی کوتاہیوں سے سبق سیکھے بغیر آگے بڑھنا ممکن نہیں اور عوامی رائے کا احترام، آئین کی بالادستی اور حقیقی جمہوری اقدار کا فروغ ناگزیر ہے۔
فوزیہ صدیقی نے مزید کہا کہ 16 دسمبر ہمیں اس حقیقت کی یاد دہانی بھی کراتا ہے کہ ناانصافی اور غلط حکمرانی ہمیشہ قوموں کو نقصان سے دوچار کرتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی قوم وطن کی وحدت، خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے، اور قومی اتحاد، عدل و انصاف اور جمہوریت ہی پاکستان کے محفوظ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔


