گھوٹکی میں مسافر کوچ پر ڈاکوؤں کا حملہ، 25 مسافر اغوا
گھوٹکی(بولونیوز)سندھ کے ضلع گھوٹکی میں مرید شاخ انٹرچینج ایم فائیو کے قریب مسلح ڈاکوؤں نے مسافر کوچ پر حملہ کر دیا، فائرنگ کے نتیجے میں متعدد مسافر زخمی جبکہ 25 افراد کو اغوا کر کے لے جایا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق کوئٹہ جانے والی مسافر بس کو گڈو کشمور لنک روڈ ایم فائیو پر مسلح افراد نے نشانہ بنایا۔ ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ کی، بس رکنے کے بعد مسافروں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور 25 مسافروں کو اغوا کر کے لے گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ڈاکوؤں کا تعاقب کرتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ ڈھرکی پولیس کے مطابق اغوا ہونے والے مسافروں کی حتمی تعداد کے بارے میں فوری طور پر تصدیق نہیں کی جا سکتی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ڈاکو اغوا کیے گئے مسافروں کو گنے کی فصل میں لے گئے۔ مزید یہ کہ ڈاکوؤں نے مسافر کوچ سمیت دیگر گاڑیوں میں سوار درجنوں مسافروں کو لوٹا اور فائرنگ بھی کرتے رہے، جس کے باعث بیشتر مسافر خوف کے عالم میں کماد کی فصل میں چھپ کر جان بچاتے رہے۔
سندھ پولیس ذرائع کے مطابق علاقے میں سرچ آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے، تھانہ ماچھکہ کی پولیس نفری اور موٹر وے پولیس کو بھی جائے وقوعہ پر روانہ کر دیا گیا ہے۔


