کراچی کی تباہی جعلی میئر اور پیپلز پارٹی کی بدترین نااہلی کا نتیجہ ہے، فہیم خان
کراچی(بولونیوز)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے سینئر نائب صدر اور سابق رکن قومی اسمبلی فہیم خان نے کراچی کی بگڑتی ہوئی مجموعی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میئر کراچی کی جانب سے شہر کی ترقی کے دعوے محض زبانی جمع خرچ ہیں، جن کا زمینی حقائق سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جعلی میئر کے پاس نہ عوامی مینڈیٹ ہے اور نہ ہی کراچی کی بہتری کے لیے کوئی واضح، مربوط اور مؤثر منصوبہ موجود ہے۔
فہیم خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سیاست کا محور کرپشن اور کمیشن ہے جبکہ عوامی مسائل ان کی ترجیحات میں شامل ہی نہیں۔ پیپلز پارٹی نے کراچی کو بدترین انتظامی بحران سے دوچار کر دیا ہے اور آج شہر بنیادی سہولیات سے محروم ہو چکا ہے۔ شہری پانی کی ایک ایک بوند کو ترس رہے ہیں جبکہ حکمران مکمل طور پر ناکام اور بے حس دکھائی دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور آمدورفت شہریوں کے لیے ایک مستقل عذاب بن چکی ہے۔ کہیں ترقیاتی منصوبے شروع تو کیے جاتے ہیں مگر وہ مکمل ہونے کے بجائے لامتناہی تاخیر کا شکار ہو جاتے ہیں۔ پورا کراچی کھدائی کا منظر پیش کر رہا ہے جس کے باعث شہریوں کی روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کراچی جیسے میٹروپولیٹن سٹی میں ہر طرف گرد و غبار اور گندگی انتظامی نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔ تباہ شدہ انفرااسٹرکچر اور برباد سڑکیں اس بات کی گواہی دے رہی ہیں کہ شہر کا نظام مکمل طور پر ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔ کے الیکٹرک کی بدترین لوڈشیڈنگ نے بھی شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔
فہیم خان نے مزید کہا کہ سیوریج اور نالوں کا نظام تباہ ہو چکا ہے اور معمولی بارش میں پورا شہر تالاب کا منظر پیش کرتا ہے۔ کچرا اٹھانے کا کوئی مؤثر نظام موجود نہیں اور کراچی گندگی کے ڈھیروں میں تبدیل ہو چکا ہے۔ ٹرانسپورٹ کا نظام مافیا کے رحم و کرم پر ہے، جس کے باعث شہری خستہ حال اور غیر محفوظ بسوں میں سفر کرنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں اسٹریٹ کرائمز خطرناک حد تک بڑھ چکے ہیں، شہری دن دہاڑے لٹ رہے ہیں اور امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ جعلی ترقیاتی منصوبوں کے نام پر اربوں روپے لوٹے جا رہے ہیں لیکن عوام کو کوئی حقیقی ریلیف نہیں مل رہا۔ سرکاری تعلیمی اور صحت کے ادارے زبوں حالی کا شکار ہیں جبکہ تجاوزات مافیا بے لگام ہو چکا ہے جس نے فٹ پاتھ اور سڑکیں بھی عوام سے چھین لی ہیں۔
آخر میں فہیم خان نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری نے کراچی کے محنت کش طبقے کی کمر توڑ دی ہے، جبکہ حکمران طبقہ مکمل طور پر بے حس بنا ہوا ہے۔ جعلی میئر اور پیپلز پارٹی کی نااہلی نے کراچی کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے اور اب شہر کو فوری طور پر دیانتدار، بااختیار اور عوام دوست قیادت کی اشد ضرورت ہے۔


