عدالتی احکامات کے باوجود ریٹائرڈ افسر کو پینشن جاری نہ کرنے کا معاملہ

کراچی(بولونیوز)عدالت نے عدالتی احکامات کے باوجود ریٹائرڈ افسر کو پینشن جاری نہ کرنے کے معاملے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی (ڈی جی سی اے اے) کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔

عدالت کی جانب سے ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عیوض وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں، جبکہ عدالت نے حکم دیا ہے کہ ڈی جی سی اے اے کو سردیوں کی تعطیلات کے پہلے ہفتے عدالت میں پیش کیا جائے۔

وکیل اسد اللہ بلو ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ عدالت پہلے ہی ایڈیشنل ڈائریکٹر میڈیکل سروس ڈاکٹر کریم چنہ کو پینشن جاری کرنے کا حکم دے چکی ہے، تاہم اس کے باوجود ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی 2022 سے عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کر رہے۔

عدالت نے اس رویے کو عدالتی احکامات کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر مکمل تعمیل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *