وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا صوبہ کو منشیات سے پاک بنانے کا حکم
لاہور(بولونیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صوبہ کو منشیات سے پاک بنانے کے احکامات پر پنجاب پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف کارروائیوں میں 34 منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف 34 مقدمات درج کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 49 کلو گرام چرس، 2 کلو گرام آئس، 7 کلو گرام ہیروئن اور ڈیڑھ کلو گرام افیون برآمد کی گئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو ہفتوں سے جاری خصوصی کریک ڈاؤن کے دوران مجموعی طور پر 1200 منشیات فروش گرفتار کیے جا چکے ہیں جبکہ 1228 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ اس دوران ملزمان کے قبضے سے 1807 کلو گرام چرس، 47 کلو گرام آئس، 207 کلو گرام ہیروئن اور 23 کلو گرام افیون بھی برآمد کی گئی۔
پنجاب پولیس کے مطابق منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 13 منشیات ڈیلرز کیفرِ کردار کو پہنچے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے منشیات کے بڑے ڈیلرز اور اسمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر سخت سزائیں دلوائی جائیں۔ انہوں نے تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گرد و نواح میں منشیات فروشی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لانے اور منشیات کی آن لائن خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بھی سخت ایکشن لینے کی ہدایات جاری کی ہیں۔


