بھارتی پروپیگنڈا فلم ’دھورندھر‘ پر خلیجی ممالک میں پابندی عائد
بھارت(بولونیوز)متنازع اور پروپیگنڈا پر مبنی فلم ’دھورندھر‘ کی ریلیز پر خلیجی ممالک میں پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کو پاکستان مخالف مواد پر مبنی قرار دیے جانے کے باعث خلیجی ریاستوں میں نمائش کی اجازت نہیں دی گئی۔
ذرائع کے مطابق بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں فلم ’دھورندھر‘ ریلیز نہیں کی جا سکی۔ فلم کی ٹیم نے ان ممالک میں نمائش کے لیے کوششیں کیں، تاہم حکام کی جانب سے اجازت نہ مل سکی۔
واضح رہے کہ خلیجی حکومتیں ایسے مواد کی منظوری کے معاملے میں خاصی محتاط رہتی ہیں جسے پاکستان یا کسی دوست ملک کے خلاف تصور کیا جائے۔ اس سے قبل بھی جان ابراہیم کی فلم ’ڈپلومیٹ‘ کی ریلیز پر اسی نوعیت کے خدشات کے باعث پابندی عائد کی جا چکی ہے۔
فلمی تجزیہ کاروں کے مطابق ’دھورندھر‘ پر پابندی خلیجی ممالک کی جانب سے علاقائی حساسیت اور سفارتی توازن کو برقرار رکھنے کی پالیسی کی عکاس ہے۔


