ٹرمپ کی ثالثی سے تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان کشیدگی میں کمی
واشنگٹن/بینکاک(بولونیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر سفارتی کوششوں کے ذریعے تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جاری کشیدگی اور جھڑپیں رکوانے میں کردار ادا کیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دونوں ممالک کے سربراہان سے ٹیلیفونک رابطے کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا تمام جھڑپیں روکنے پر متفق ہو گئے ہیں اور دونوں ممالک نے جمعے سے کشیدگی ختم کرنے اور امن کی جانب پیش قدمی پر اتفاق کیا ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک امن کے لیے تیار ہیں اور امریکا کے ساتھ تجارتی تعلقات بھی جاری رکھے ہوئے ہیں، جس سے خطے میں استحکام کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر سے گفتگو کے بعد تھائی لینڈ کے وزیراعظم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ صدر ٹرمپ کو تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان حالیہ جھڑپوں پر شدید تشویش ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک فوری طور پر سیز فائر کی طرف واپس آئیں۔
تھائی وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے صدر ٹرمپ کو واضح کیا ہے کہ تھائی لینڈ اپنی خودمختاری اور سرحدوں کا ہر صورت تحفظ کرے گا، جبکہ صدر ٹرمپ سے یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ کمبوڈیا کو دشمنی اور اشتعال انگیزی روکنے پر آمادہ کریں۔ تھائی وزیراعظم کے مطابق تاحال کمبوڈیا کے ساتھ باضابطہ جنگ بندی نہیں ہوئی، تاہم بات چیت کا عمل جاری ہے۔


