بانی ایم کیوایم الطاف حسین کی نثار پنہور اور انور خان ترین کو رہائی پر مبارکباد

کراچی(بولونیوز)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) کے بانی و قائد جناب الطاف حسین نے پارٹی کے رہنماؤں نثار پنہور اور انور خان ترین کی رہائی پر انہیں ٹیلیفون کر کے مبارکباد پیش کی۔ گفتگو کے دوران الطاف حسین نے کہا کہ آپ دونوں ساتھیوں نے جس جرات، عزم، حوصلے اور ثابت قدمی کے ساتھ جبری گمشدگی کے کٹھن دور کو برداشت کیا، وہ دیگر تحریکی ساتھیوں کے لیے ایک مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی آزمائشوں کا سامنا بھی جرات و بہادری سے کرتے ہوئے تحریکی جدوجہد کو آگے بڑھانا ہی اصل حوصلہ ہے۔

الطاف حسین نے نثار پنہور اور انور خان ترین کی رہائی پر ان کے اہلِ خانہ کو بھی مبارکباد دی اور کہا کہ گھروالوں نے اس عرصے میں شدید ذہنی کرب اور اذیت کے باوجود جس صبر و حوصلے کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ تحسین ہے اور دیگر ساتھیوں کے اہلِ خانہ کے لیے بھی ایک مثال ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایم کیوایم کے دونوں لاپتہ رہنما نثار پنہور اور انور خان ترین تقریباً تین ماہ بعد اچانک اپنے گھروں کو واپس پہنچ گئے، جس پر اہلِ خانہ نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں رہنما 16 ستمبر 2025 کو لاپتہ ہوئے تھے، جس کے بعد اہلِ خانہ نے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے درخواست دائر کی تھی کہ پولیس لاپتہ ہونے کی ایف آئی آر درج نہیں کر رہی۔ بعد ازاں سندھ حکومت نے پولیس کو ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا تھا۔

واضح رہے کہ نثار پنہور اس سے قبل بھی ایک مرتبہ لاپتہ ہو چکے ہیں۔ بانی ایم کیوایم الطاف حسین نے دونوں رہنماؤں کی بحفاظت واپسی پر سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے بھی مبارکباد پیش کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *