پہاڑوں کے عالمی دن پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا پیغام
کراچی(بولونیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پہاڑوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پہاڑ قدرتی حسن، ماحولیاتی توازن اور ماحول کے تحفظ کی علامت ہیں، ہمیں ان قیمتی وسائل کی حفاظت کے لیے اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پہاڑوں کا عالمی دن ہر سال 11 دسمبر کو منایا جاتا ہے اور اس سال اس کا عنوان “پانی، خوراک اور معاش کے لیے گلیشیئرز کی اہمیت” رکھا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے بیان میں کہا کہ سندھ میں پہاڑ، ریگستان، دریا اور سمندر جیسی انمول نعمتیں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کارونجھر اور کیرتھر پہاڑی سلسلے پاکستان کے قدرتی حسن کی پہچان ہیں، جبکہ کارونجھر پہاڑ کو صوبے کی ثقافتی شناخت قرار دیتے ہوئے اس کے مکمل تحفظ کا عزم ظاہر کیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کیرتھر پہاڑی سلسلہ برساتی پانی محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے جبکہ کورکھ ہل اسٹیشن کیرتھر رینج کا دلکش مقام ہے، جس کی سیاحت اور ماحولیات کے لیے اہمیت مسلمہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پہاڑوں کا تحفظ ناگزیر ہے اور قدرتی وسائل کا تحفظ ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ سندھ حکومت ماحول دوست اقدامات کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پہاڑوں سمیت تمام قدرتی وسائل کی حفاظت کا عہد کریں تاکہ آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنایا جاسکے۔


