سندھ میں ٹریفک کے بعد فوڈ اتھارٹی میں بھی ای چالان کا آغاز کرنے کا فیصلہ
کراچی(بولونیوز) سندھ حکومت نے ٹریفک نظام کے بعد سندھ فوڈ اتھارٹی میں بھی ای چالان سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس سلسلے میں صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان نے پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور سے ملاقات کی، جس میں فوڈ اتھارٹی کی ڈیجیٹلائزیشن سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
صوبائی وزیر خوراک نے بتایا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے آن لائن رجسٹریشن، کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم اور ڈیجیٹل چالاننگ سسٹم متعارف کرایا جائے گا جس کا مقصد عوام کو بہتر، مؤثر اور شفاف سہولیات فراہم کرنا ہے۔
ملاقات کے دوران صوبائی وزیر نے فریال تالپور کو غیر معیاری خوراک کے خلاف حالیہ کارروائیوں اور جاری اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔


