جامعہ کراچی سے آئی سی سی بی ایس کو الگ کرنے کا فیصلہ روک دیا گیا
کراچی(بولونیوز)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر جامعہ کراچی کے انسٹیٹیوٹ آف کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز (آئی سی سی بی ایس) کو یونیورسٹی سے الگ کرنے کا فیصلہ فوری طور پر روک دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں چارٹر انسپیکشن اینڈ ایویلیوایشن کمیٹی کا 12 دسمبر کو ہونے والا خصوصی اجلاس بھی ملتوی کر دیا گیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی ارسلان پرویز نے وزیر اعلیٰ کو خط لکھ کر عالمی شہرت یافتہ تحقیقی ادارے آئی سی سی بی ایس کو جامعہ کراچی سے الگ نہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ خط میں کہا گیا کہ آئی سی سی بی ایس ملک کا واحد ادارہ ہے جو بائیولوجیکل اور کیمیکل سائنسز کے شعبوں میں عالمی معیار کی تحقیق کر رہا ہے۔
آئی سی سی بی ایس کا آغاز پاکستان کے ممتاز سائنس دان ڈاکٹر سلیم الزمان صدیقی نے محض دو کمروں سے کیا تھا، جو آج ایک بین الاقوامی سطح کا تحقیقی مرکز بن چکا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت کے بعد ادارے کی علیحدگی سے متعلق تمام کارروائیاں فی الحال روک دی گئی ہیں۔


