گوادرکیلئے50میگاواٹ بجلی کی منظوری، نورالحق بلوچ کی کاوشیں رنگ لے آئیں
گوادر(بولونیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان کے کوآرڈینیٹر برائے پانی و بجلی اور چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں وفاقی حکومت نے گوادر کیلئے 50 میگاواٹ اضافی بجلی کی منظوری دے دی ہے۔ اس اہم پیش رفت کو گوادر کی ترقی اور توانائی کے بحران کے حل کی جانب ایک تاریخی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
وفاقی کابینہ نے نہ صرف اضافی بجلی کی فراہمی کی منظوری دی بلکہ گوادر پورٹ کے ڈیسالینیشن پلانٹ کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کے منصوبے کی بھی منظوری دی ہے، جس سے پورٹ آپریشنز کو پائیدار اور کم لاگت توانائی میسر آئے گی۔
چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے بتایا کہ ان کی سفارشات پر وفاقی حکومت نے گوادر کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے بڑے فیصلے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 50 میگاواٹ بجلی کی فراہمی سے شہر میں صنعتی سرگرمیوں کے نئے دروازے کھلیں گے اور سرمایہ کاری میں واضح اضافہ ہوگا۔
انرجی ڈیپارٹمنٹ کی ٹیکنیکل ٹیم جلد گوادر کا دورہ کرے گی تاکہ نئے پاور پلانٹ کے لیے موزوں جگہ کا تعین کیا جا سکے۔ نورالحق بلوچ کے مطابق پانی و بجلی سے متعلق ایک جامع حکمتِ عملی تیار کرلی گئی ہے جس پر وزارتِ توانائی مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائے گی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ منصوبوں کی تکمیل کے بعد گوادر کو بلا تعطل بجلی اور صاف پانی کی فراہمی ممکن ہوگی، جس سے شہر کی ترقی کی رفتار مزید تیز ہوگی۔


