ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار کا لاہور زون کا دورہ،زیر التواء کیسز جلد نمٹانے کی ہدایت

لاہور(بولونیوز) ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختار نے ایف آئی اے لاہور زون کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہیں انتظامی امور، تفتیشی کارروائیوں اور مختلف شعبہ جات کی کارکردگی پر مفصل بریفنگ دی گئی۔

دورے کے موقع پر ڈائریکٹر لاہور زون کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء نے ڈی جی ایف آئی اے کو زیر التواء مقدمات، جاری انکوائریز اور اہم کارروائیوں کے حوالے سے جامع رپورٹ پیش کی۔

ڈی جی ایف آئی اے نے تمام شعبوں کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے مزید بہتری، شفافیت اور مؤثر نگرانی کے لیے خصوصی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ:

تمام زیر التواء مقدمات کو فوری اور میرٹ کے مطابق نمٹایا جائے

ہائی پروفائل کیسز میں تاخیر، غفلت یا رعایت ناقابلِ قبول ہوگی

مالیاتی بدعنوانی، امیگریشن فراڈ، جعلی ادویات اور منظم جرائم میں ملوث گروہوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے

ڈی جی ایف آئی اے نے کاپی رائٹ قوانین پر سختی سے عمل درآمد اور اس سلسلے میں خصوصی آپریشنز شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔

دورے کے دوران انہوں نے ایف آئی اے کی عمارتوں، دفاتر اور سہولیات کا معائنہ کیا اور لاہور زون کے موجودہ بنیادی ڈھانچے کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈی جی نے زور دیا کہ ادارے کی ساکھ بہتر بنانے کے لیے اصلاحاتی اقدامات، جدید آلات، نئی ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ تربیت کا سلسلہ مزید مضبوط بنایا جائے۔

نمایاں کارکردگی پر افسران کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات

ڈی جی ایف آئی اے نے مختلف کیسز میں بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کو تعریفی سرٹیفکیٹس اور انعامات سے نوازا، جن میں شامل ہیں:

اسسٹنٹ ڈائریکٹرز: زین العابدین، عمر خاور، حافظ محمد عظیم

انسپیکٹرز: بشریٰ نواز، ضیاء الرحمن

سب انسپیکٹرز: شازیہ نواز، محمد حمزہ، عرفان خان

اجلاس میں افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ، خصوصاً نئی بھرتیوں کی تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *