وی آئی پی موومنٹ کے دوران ٹریفک سگنل بند کرنا قانون کے مطابق ہے
کراچی(بولونیوز) ڈی ایس پی ٹریفک کاشف ندیم نے کہا ہے کہ وی آئی پی موومنٹ کے دوران ٹریفک سگنل بند کرنا قانونی اختیار ہے اور یہ اقدام کسی ذاتی پروٹوکول کے باعث نہیں کیا جاتا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کاشف ندیم نے بتایا کہ پی آئی ڈی سی چوک پر شہر کا پہلا اسمارٹ ٹریفک سگنل نصب کیا جا چکا ہے، جس سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوئی ہے اور پولیس اہلکاروں کے فرائض بھی آسان ہو گئے ہیں۔ ان کے مطابق پہلے اس مقام پر 6 سے 8 اہلکار تعینات ہوتے تھے، جب کہ اسمارٹ سسٹم کے بعد اب صرف 2 اہلکار ہی مؤثر انداز میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکتے ہیں۔
ڈی ایس پی نے مزید کہا کہ وی آئی آئی موومنٹ کے دوران ٹریفک سگنل بند کرنا قانون میں شامل ایک مجاز عمل ہے، جو شہریوں کے تحفظ اور ٹریفک کی منظم روانی کے لیے ضروری ہوتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس عمل کا کسی قسم کے غیر ضروری پروٹوکول سے کوئی تعلق نہیں۔


