وزٹ ویزے پر کام کرنا جرم قرار، غیر قانونی افراد کو پناہ دینے پر لاکھوں درہم جرمانہ

ابوظہبی(بولونیوز)متحدہ عرب امارات نےرہائشی قوانین مزید سخت کرتے ہوئے وزٹ ویزے پر کام کرنے اور غیر قانونی اقامہ رکھنے والے افراد کو پناہ یا ملازمت دینے کو سنگین جرم قرار دے دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امارات میں بسے غیر قانونی افراد کو رہائش فراہم کرنے یا ملازمت دینے والے افراد اور اداروں پر 50 لاکھ درہم (تقریباً 38 کروڑ روپے) تک کا بھاری جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔ حکام کے مطابق ایسے افراد کو قید کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔

اماراتی حکام نے واضح کیا ہے کہ وزٹ ویزے پر کام کرنا قابلِ سزا جرم ہے، جبکہ ایسے افراد کی مدد یا سہولت کاری میں ملوث افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق امارات نے یہ اقدامات غیر قانونی رہائش، اسمگلرز اور غیر قانونی لیبر نیٹ ورکس کے خلاف کریک ڈاؤن کو مؤثر بنانے کے لیے کیے ہیں، اور خلاف ورزی ثابت ہونے پر کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *