موسیٰ خیل میں جرگے کی ظلم بھری رسم،8 افراد کو دہکتے انگاروں پر چلایا گیا
بلوچستان(بولونیوز)موسیٰ خیل میں جرگے نے چوری کے شبے میں 8 افراد کو دہکتے ہوئے انگاروں پر چلنے پر مجبور کردیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق جرگہ یہ معلوم کرنے کے لیے کہ ملزمان سچ بول رہے ہیں یا نہیں، انہیں آگ پر چلانے کی غیر انسانی رسم پر مجبور کرتا رہا، تاہم حیرت انگیز طور پر کوئی بھی شخص زخمی نہیں ہوا۔
واقعے کی وائرل ویڈیو سامنے آنے پر موسیٰ خیل کی ضلعی انتظامیہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے جرگے کے 7 ارکان کو مقدمے میں نامزد کردیا ہے۔ پولیس کے مطابق ایک جرگہ ممبر کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں قانون سے بالاتر کسی روایت یا جرگے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔


