فرقہ واریت کا خاتمہ ہونا چاہیے، مگر کچھ علما آج بھی تفریق کی بات کرتے ہیں
اسلام آباد(بولونیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں فرقہ واریت کا خاتمہ وقت کی ضرورت ہے، تاہم افسوس ہے کہ کچھ علما آج بھی تفریق اور انتشار پھیلانے والی باتیں کرتے ہیں۔ انہوں نے علما پر زور دیا کہ وہ قومی یکجہتی کے پیغام کو مضبوط کریں۔
اسلام آباد میں علما کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ معرکۂ حق میں علما اور پوری قوم کی دعاؤں سے پاکستان نے اہم کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلح افواج کی جرات اور پیشہ ورانہ صلاحیت نے بھارت کو شرم ناک شکست سے دوچار کیا۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دے کر ثابت کیا کہ قوم اور فوج ایک پیج پر ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ معاشی ترقی کی کوششیں اور دہشت گردی ساتھ ساتھ نہیں چل سکتیں۔ انہوں نے علما سے اپیل کی کہ وہ معاشرے میں پھیلائے جانے والے زہریلے پروپیگنڈے کا جواب دیں اور لوگوں کو امن، اتحاد اور بھائی چارے کا درس دیں۔
علما کنونشن میں ملک میں مذہبی ہم آہنگی، معاشرتی استحکام اور قومی سلامتی کے موضوعات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔


