شکارپور میں زخمی ہونے والی پارس بکھرانی موت کو شکست دے کر لوٹ آئیں
کراچی(بولونیوز)شکارپورمیں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے حملے میں شدید زخمی ہونے والی پارس بکھرانی نے زندگی کی جنگ جیت لی۔ بہادری، حوصلے اور مضبوط اعصاب کی حامل پارس کی فاتحانہ مسکراہٹ اور ہمت سے بھرپور تصویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی۔ پارس بکھرانی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف پلیٹ فارمز پر مسلسل ٹرینڈ کرتی رہیں۔
معمولی صحت یابی کے بعد پارس بکھرانی نے اپنے شوہر ڈی ایس پی ظہور احمد سومرو کے ہمراہ انتہائی نگہداشت وارڈ میں میئر سکھر کی موجودگی میں شادی کی دوسری سالگرہ کا کیک کاٹ کر دہشت گردوں کے لیے پرامن مگر مضبوط پیغام بھی دیا۔
تفصیلات کے مطابق منگل کے روز شکارپور میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کے دوران پارس بکھرانی اور ان کے شوہر شدید زخمی ہوگئے تھے۔ اسپتال منتقل کیے جانے کے باوجود پارس نے غیر معمولی ہمت اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔ ہوش میں آنے پر ان کے چہرے پر فاتحانہ مسکراہٹ اور آنکھوں میں زندگی کی روشن چمک نمایاں تھی، جس نے دیکھنے والوں کو متاثر کردیا۔
پارس کو فوری طور پر ضیاء اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ اہل خانہ نے ان کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پارس نے جس حوصلے کا مظاہرہ کیا، وہ عام حالات میں بڑے بڑے مرد بھی نہیں دکھا پاتے۔
واقعے کے دوران زخمی ہونے والے ان کے شوہر ڈی ایس پی ظہور احمد سومرو بھی اسپتال میں ان کے ساتھ موجود رہے اور ابتدائی طبی امداد کے دوران مکمل ہمت اور حوصلے کا مظاہرہ کیا۔
پارس بکھرانی کی بہادری اور لڑنے کا جذبہ سوشل میڈیا پر بھی مرکزِ توجہ بن گیا۔ شہریوں، سماجی رہنماؤں اور صارفین نے ان کے عزم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں کا اظہار کیا۔


