ریلوے نے یومیہ آمدنی کا 30 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، روزانہ 30 کروڑ روپے آمدن
اسلام آباد(بولونیوز)پاکستان ریلوے نے آمدنی کے شعبے میں تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے یومیہ آمدن کا 30 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ وزیر ریلوے حنیف عباسی کے مطابق گزشتہ 8 ماہ کے دوران ریلوے میں کی گئی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے ہیں۔
وزیر ریلوے نے بتایا کہ مسافر ٹرینوں اور فریٹ سیکٹر دونوں میں نمایاں بہتری کے باعث آمدن میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، اور گزشتہ 15 روز سے ریلوے کی یومیہ آمدنی تقریباً 300 ملین روپے تک پہنچ گئی ہے، جو گزشتہ کئی دہائیوں میں حاصل ہونے والی سب سے زیادہ آمدنی ہے۔
حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ ریلوے کی کارکردگی بہتر بنانے، خسارہ کم کرنے اور عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے اصلاحاتی عمل جاری ہے، جس کے مثبت اثرات مستقبل میں مزید نمایاں ہوں گے۔


