دسمبر میں شہریوں کو ایک ساتھ 4 تعطیلات کا موقع مل گیا
اسلام آباد(بولونیوز) رواں سال دسمبر کے اختتام پر ملک بھر کے شہری مسلسل 4 چھٹیوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے، جس پر عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
25 دسمبر بروز جمعرات قائداعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش اور کرسمس منایا جائے گا، جس کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی اور سرکاری و نجی ادارے بند رہیں گے۔
26 دسمبر بروز جمعہ بھی پاکستان کی مسیحی برادری کے لیے خصوصی تعطیل مقرر ہے، جو ان کی مذہبی اور روایتی سرگرمیوں کے پیش نظر دی گئی ہے۔
جمعہ کی اس چھٹی کے بعد ہفتہ اور اتوار کی معمول کی تعطیلات شامل ہونے سے شہریوں کو مجموعی طور پر مسلسل چار چھٹیاں میسر آئیں گی۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے رواں سال کے آغاز میں جاری کردہ 2025 کے سرکاری تعطیلاتی کیلنڈر میں 25 دسمبر کی عام تعطیل اور 26 دسمبر کی مسیحی برادری کے لیے مخصوص چھٹی پہلے ہی شامل کی جا چکی تھیں۔


