ایس بی اے رینج پولیس کا بڑا اقدام، جدید ای۔چالان سسٹم کا باقاعدہ آغاز
نواب شاہ(بولونیوز) ڈی آئی جی شہید بینظیر آباد رینج فیصل بشیر میمن نے ٹریفک نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنانے کے لیے ای۔ٹکٹنگ (E-Ticketing) سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس نئے نظام کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں—جیسے ہیلمٹ کے بغیر سفر، تیز رفتاری، اور موبائل فون کے استعمال—پر فوری طور پر ڈیجیٹل چالان جاری کیا جائے گا جبکہ خلاف ورزیوں کا مکمل ریکارڈ کیمروں کے ذریعے محفوظ ہوگا۔
ڈی آئی جی فیصل بشیر میمن کے مطابق ای۔چالان سسٹم کا مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ، شفافیت کے ساتھ قانون کا نفاذ اور ٹریفک کے مجموعی نظام میں بہتری لانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عوامی شکایات اور رہنمائی کے لیے نواب شاہ، نوشہرو فیروز اور سانگھڑ میں خصوصی مراکز بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹریفک نظم و ضبط میں مزید بہتری آئے گی اور شہریوں کو سہولت ملے گی۔


