ڈاکوؤں کی فائرنگ میں زخمی پولیس افسران کی عیادت، ڈی آئی جی سکھر کی ہسپتال آمد
شکارپور(بولونیوز)ضلع میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے پولیس افسران کی عیادت کے لیے ڈی آئی جی سکھر کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ ضیاءالدین اسپتال سکھر پہنچے، جہاں انہوں نے ڈی ایس پی ظہور سومرو، ڈی ایس پی پارس بھکرانی اور زخمی اہلکاروں کی خیریت دریافت کی۔
ڈی آئی جی نے اسپتال کے سی ای او اور معالج ڈاکٹرز سے زخمی افسران اور اہلکاروں کے علاج معالجے سے متعلق تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زخمی پولیس افسران کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور علاج کے عمل میں کسی قسم کی کمی برداشت نہیں کی جائے۔
ڈی آئی جی سکھر نے ویلفیئر انچارج سکھر رینج آفس اور ڈسٹرکٹ ویلفیئر افسر کو ہدایت کی کہ زخمی اہلکاروں اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے مکمل تعاون یقینی بنایا جائے۔
اپنے پیغام میں ڈی آئی جی سکھر کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کے خلاف بہادری سے لڑنے والے پولیس افسران اور جوانوں کی ہمت اور حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ واقعے میں ملوث ڈاکوؤں کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔


