وزیراعلیٰ مریم نواز کا تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات پر ڈیجیٹل نگرانی بڑھانے کا حکم
لاہور(بولونیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنانے کے لیے صوبہ بھر میں ڈیجیٹل نگرانی اور سیکیورٹی سے متعلق بڑے اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے تمام تعلیمی اداروں کے باہر جدید ڈیجیٹل کیمرے نصب کرنے اور ہر شہر میں سی سی ٹی وی کیمروں کی کوریج یقینی بنانے کا حکم جاری کیا ہے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ نے پنجاب پولیس کو اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر تعلیمی اداروں میں فرضی مشقیں (Mock Drills) کرانے کی ہدایت دی، جب کہ اسکولوں اور کالجوں کے لیے سیکیورٹی گارڈ، انٹری چیکنگ اور سی سی ٹی وی سسٹم کو لازمی قرار دیا گیا۔
بس ڈرائیورز اور عملے کی رجسٹریشن کا فیصلہ
پنجاب میں دوسرے صوبوں سے آنے اور جانے والی بسوں کے ڈرائیورز اور عملے کی کمپیوٹرائزڈ رجسٹریشن کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو موٹروے پولیس کے ساتھ اشتراکِ کار بڑھانے کی ہدایت کی۔
عوامی مقامات پر ڈیجیٹل سیکیورٹی مزید بہتر بنانے کا حکم
وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب بھر کے پارکس میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ سیف سٹی اتھارٹی کو صوبے بھر میں نصب کیمروں کا فنکشنل ری ویو کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے گھروں، مارکیٹوں اور تجارتی مراکز میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کو بھی سیف سٹی نظام سے منسلک کرنے کا حکم دیا۔
کومبنگ آپریشن جاری رکھنے اور غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف کارروائی مؤثر بنانے کی ہدایت
وزیراعلیٰ نے سماج دشمن عناصر کی بروقت نشاندہی کے لیے کومبنگ آپریشن مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کا حکم دیا۔
غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف کارروائی مؤثر بنانے کے لیے پنجاب میں موجود دوسرے صوبوں کے شہریوں سے رابطے بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے ڈی سی اوز اور ڈی پی اوز کو متعلقہ اضلاع میں مقامی عمائدین سے رابطے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں دوسرے صوبوں سے مقیم شہریوں کا کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ مرتب کیا جائے گا، تاکہ غیر قانونی افغان باشندوں اور دیگر قانونی شہریوں میں واضح فرق کیا جاسکے۔
پنجاب کو محفوظ ترین صوبہ بنائیں گے: مریم نواز
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا:
“پنجاب میں کوئی نمایاں عوامی مقام ڈیجیٹل نگرانی سے خالی نہیں ہونا چاہیے۔ پنجاب کو محفوظ ترین صوبہ بنانے تک چین سے نہیں بیٹھوں گی۔”
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اپنے اردگرد مشکوک افراد اور سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور فوری طور پر 15 پر اطلاع دیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبے میں مجموعی امن و امان کی صورتحال پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مشنری جذبے کے ساتھ کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔


