انٹرنیشنل اینٹی کرپشن ڈے پر سخی حسن ڈی سی آفس سے شاندار ریلی کا انعقاد
کراچی(بولونیوز) ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی انٹرنیشنل اینٹی کرپشن ڈے بھرپور جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ بدعنوانی کے خاتمے اور عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے ڈی سی آفس سخی حسن سے ایک شاندار اور پرجوش ریلی نکالی گئی جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ریلی کا آغاز ڈپٹی کمشنر طٰہٰ سلیم کے دفتر سے ہوا۔ مرد و خواتین کے ساتھ ساتھ بچوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ شرکاء نے ہاتھوں میں کرپشن کے خلاف نعرے اور عزمِ پاکستان کو اجاگر کرنے والے بینرز تھام رکھے تھے۔ معصوم بچوں کی بھرپور شرکت اور نعرے بازی ریلی کا نمایاں پہلو رہی۔
تقریب میں موجود سرکاری افسران نے کرپشن کے خاتمے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر طٰہٰ سلیم نے کہا کہ:
“کرپشن ترقی کی سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ آج ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ شہریوں کے تعاون سے ملک کو بدعنوانی سے پاک کریں گے، تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ اور خوشحال مستقبل مل سکے۔”
ریلی کے اختتام پر شرکاء نے بدعنوانی کے خلاف بھرپور جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق یہ ریلی اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام اور حکومت مل کر کرپشن فری پاکستان کے ہدف کے لیے متحد ہیں-


