چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن کا ایک اور احسن اقدام،کھلے مین ہولز پر فوری کور کی تنصیب

کراچی(بولونیوز)چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے عوامی سلامتی کے حوالے سے نہایت اہم اور فوری نوعیت کا اقدام اٹھاتے ہوئے ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے ٹاؤن انتظامیہ کے افسران اور اسٹاف کے ہمراہ کھلے مین ہولز پر کور لگانے کا کام موقع پر ہی شروع کرایا۔ چیئرمین نیو کراچی ٹاون محمد یوسف کا کہنا تھا کہ انسانی جان سب سے زیادہ قیمتی ہے اور ٹاون انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کو روزمرہ کے خطرات سے محفوظ رکھا جائے۔دورے کے دوران چیئرمین محمد یوسف نے گلشنِ اقبال میں پیش آئے اُس دلخراش حادثے کا خاص طور پر ذکر کیا، جس میں کمسن بچہ محمد ابراہیم کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا تھا۔ انہوں نے گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا،معصوم ابراہیم کا سانحہ پوری قوم کے لیے ایک المیہ ہے۔ خاندان کے دکھ میں مکمل طور پر شریک ہوں۔ ایسے حادثات محض حادثات نہیں، اداروں کی غفلت کا نتیجہ ہیں۔ اس سال دو درجن کے قریب قیمتی جانیں کھلے مین ہولز کی نذر ہو چکی ہیں، جو کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹاؤن کی حدود میں جتنے بھی کھلے مین ہول موجود ہیں، انہیں ٹاؤن کے فنڈ سے ڈھکن لگا کر بند کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عمل کا آغاز خود میدان میں اُتر کر کیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ کام بلاشبہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی ذمہ داری ہے، لیکن جب ذمہ دار ادارے خاموش رہیں تو شہریوں کی حفاظت کے لیے ہم خاموش نہیں رہ سکتے۔ میرے نزدیک ہر بچہ، ہر شہری ہماری ذمہ داری ہے، اور اس ذمہ داری سے پہلوتہی ممکن نہیں۔چیئرمین محمد یوسف نے حکومتِ سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے فوری اور مستقل بنیادوں پر اقدامات کرے۔ انہوں نے کہامیں مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب صاحب سے اپیل کرتا ہوں کہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو فعال اور جوابدہ بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔ ہم سب کو مل کر ایسے سانحات کا راستہ روکنا ہوگا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہری انتظامیہ اگر متحد ہو جائے تو کراچی جیسے بڑے شہر میں بھی واضح تبدیلی ممکن ہے۔عوام نے ہمیں خدمت کا مینڈیٹ دیا ہے ہم اس مینڈیٹ کو سیاسی نعرے نہیں عملی اقدامات سے ثابت کریں گے کھلے مین ہول بند کرنا محض ایک کام نہیں، یہ شہریوں کے تحفظ کا ایک بڑا باب ہے۔دورے کے دوران چیئرمین محمد یوسف نے ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا اور بتایا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں 600 گلیوں کی تعمیر و ترقی کا منصوبہ تیزی سے جاری ہے، جو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ اس کے بعد دوسرے مرحلے میں مزید 600 گلیوں کو پختہ کرنے کا پروگرام ہے۔ یہ نیو کراچی ٹاؤن کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی پیکج ہے۔انہوں نے کہا کہ شہری سہولیات میں بہتری، صاف ستھرا ماحول، معیاری تعمیرات اور عوام کی سلامتی ٹاؤن انتظامیہ کی اولین ترجیحات ہیں۔نیو کراچی ٹاؤن وہ علاقہ بنے گا جس کی مثال پورے شہر میں دی جائے گی۔ عوام کو محفوظ راستے، محفوظ گلیاں اور بہتر سہولیات دینا ہمارا عزم ہے اور ہم اس عزم پر قائم رہیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *