راولپنڈی میں دفعہ 144 کی مدت میں 10 دسمبر تک توسیع
راولپنڈی(بولونیوز) انتظامیہ نے شہر میں دفعہ 144 کی مدت میں 10 دسمبر تک توسیع کر دی ہے۔ حکم نامے کے مطابق راولپنڈی میں دفعہ 144 بدستور نافذ رہے گی، جس کے تحت مختلف عوامی سرگرمیوں پر پابندیاں برقرار رہیں گی۔
انتظامیہ کے مطابق شہر میں جلسے، جلوس، ریلیاں، دھرنے اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی عائد ہے۔ اسی طرح احتجاجی مظاہروں، اسلحے کی نمائش، پٹرول بم کے استعمال اور لاٹھی لے کر چلنے پر بھی سخت پابندی برقرار رہے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ پابندیوں کا مقصد امن و امان برقرار رکھنا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کو یقینی بنانا ہے۔


