پنجاب میں نئے ٹریفک قوانین کے بعد ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء میں ریکارڈ اضافہ

لاہور(بولونیوز)پنجاب میں نئے ٹریفک قوانین کے نفاذ کے بعد ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء میں تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر صوبے بھر میں لائسنسنگ سہولیات کو تیز رفتاری سے فراہم کیا جارہا ہے، جس کے نتیجے میں گزشتہ 5 دنوں میں 7 لاکھ 80 ہزار شہریوں نے مختلف لائسنسنگ سروسز سے استفادہ کیا۔

اعدادوشمار کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء میں 911 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ترمیم شدہ قوانین سے قبل روزانہ 25 سے 28 ہزار لائسنس جاری ہوتے تھے، جبکہ نئے قوانین کے بعد یہ تعداد کئی گنا بڑھ گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق:

3 لاکھ 72 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ لائسنس بنوائے

1 لاکھ 8 ہزار سے زائد نے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے

2 لاکھ 98 ہزار سے زائد نے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل لائسنس کی تجدید کروائی

جبکہ 56 ہزار سے زائد شہریوں نے گمشدہ لائسنس کی دوبارہ اجرائی کرائی

ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ سخت ٹریفک قوانین کی وجہ سے شہری بڑی تعداد میں لائسنس بنانے کے لیے رجوع کر رہے ہیں جبکہ لائسنس مراکز پر رش میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ لمبی قطاروں اور انتظار سے بچنے کے لیے آن لائن لائسنسنگ پورٹل کا استعمال کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں میرٹ اور شفافیت کے تحت ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا جاری ہے، اور شہری خدمت مراکز، لائسنسنگ سینٹرز اور آن لائن پورٹل کے ذریعے آسانی سے سہولیات حاصل کرسکتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *