لودھراں میں افسوسناک واقعہ: 7 سالہ ریحان کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق
لودھراں(بولونیوز)کراچی کے بعد لودھراں میں بھی کھلے مین ہول نے ایک کمسن بچے کی جان لے لی۔ دھنوٹ کے علاقے میں ریاض آباد کالونی کا 7 سالہ ریحان اپنے والد کے ساتھ ناشتہ لینے سعید چوک آیا تھا کہ راستے میں کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ پیش آتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور بچے کو نکال کر فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔
علاقہ مکینوں نے کھلے مین ہولز کو ضلعی انتظامیہ کی غفلت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لاپرواہی شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہی ہے۔ شہریوں نے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور مین ہولز کو فوری طور پر ڈھکن لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔


