مرتضیٰ وہاب کا حادثات کےبعد رسپانس سسٹم بہتربنانےپرزور

کراچی(بولونیوز) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے سندھ ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہر میں حادثات کے بعد ریسکیو رسپانس کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کے ساتھ ہونے والی میٹنگ میں طے کیا گیا کہ کسی بھی واقعے کے وقت متعلقہ عملے کے پاس مکمل مشینری اور سہولیات موجود ہونی چاہئیں۔

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ ریسکیو سرگرمیوں کے دوران اہلکاروں کو مشتعل افراد سے بچانا بھی ایک اہم چیلنج ہے، جس کے لیے مؤثر حکمتِ عملی درکار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر میں مین ہولز کے ڈھکنوں کی کمی نہیں، لیکن ڈھکن لگائے جانے کے باوجود چوری ہوجاتے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ وزیر داخلہ سندھ سے مین ہول کورز کی چوری کی روک تھام سے متعلق بات چیت ہو چکی ہے، اور اب اس غیرقانونی سرگرمی کو روکنے کے لیے ثانوی مارکیٹ کا خاتمہ ضروری ہے۔ شہریوں کی سہولت کے لیے گٹر کے ڈھکنوں کی شکایات درج کرانے کے لیے ہیلپ لائن 1334 متعارف کرائی گئی ہے، جس کے ذریعے واٹر بورڈ کو بروقت اطلاع دی جاسکتی ہے۔

حادثات سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوتاہیوں سے سیکھ کر مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اسٹور کے باہر کھلے مین ہول پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ اسٹور انتظامیہ نے نہ خود ڈھکن لگایا اور نہ ہی متعلقہ ادارے کو شکایت کی، اس لیے شہریوں کو بھی اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔

میئر کراچی سے ایک سوال میں پوچھا گیا کہ آپ کے خلاف مقدمہ اندراج کی درخواست دائر ہوئی ہے؟ اس پر مرتضیٰ وہاب نے کہا: “ملزم تو میں ہر چیز کا ہوتا ہوں، مجرم نہیں۔ ہم نیک نیتی کے ساتھ کام کرتے ہیں، الزامات لگانے سے مسائل حل نہیں ہوتے۔”

انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچے ابراہیم کے لواحقین سے افسوس اور ندامت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی تکلیف دہ ہے، ہمارے بھی بچے ہیں۔ انسانی مسائل پر سیاست کے بجائے انسانیت کو ترجیح دینی چاہیے، کیونکہ انسانیت سے بڑھ کر کچھ نہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *