ایپل کا بھارتی حکومت کی سائبر سکیورٹی ایپ پری لوڈ کرنے سے انکار

نئی دہلی(بولونیوز)آئی فون بنانے والی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے بھارتی حکومت کی جانب سے سرکاری سائبر سیفٹی ایپلی کیشن ’سنچار ساتھی‘ کو تمام اسمارٹ فونز میں لازمی طور پر پری لوڈ کرنے کے حکم پر عمل کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایپل نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اس حکومتی ہدایت پر عمل نہیں کرے گا اور اس حوالے سے اپنے تحفظات جلد بھارتی حکام تک پہنچا دے گا۔ کمپنی کا مؤقف ہے کہ اس اقدام سے صارفین کی نگرانی اور پرائیویسی سے متعلق سنگین خدشات جنم لیتے ہیں۔

بھارتی حکومت نے ایپل، سام سنگ، شیاؤمی سمیت بڑی اسمارٹ فون کمپنیوں کو ہدایت دی ہے کہ آئندہ 90 دن کے اندر اپنے نئے فونز میں سرکاری ایپ ’سنچار ساتھی‘ لازمی طور پر شامل کریں، جبکہ مارکیٹ میں موجود فونز میں بھی اسے سافٹ ویئر اپڈیٹس کے ذریعے انسٹال کیا جائے۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ یہ ایپ فونز کی چوری کی صورت میں ان کا پتا لگانے، انہیں بلاک کرنے اور غلط استعمال کی روک تھام کے لیے ضروری ہے، اور صارفین اسے غیر فعال بھی نہ کر سکیں۔

وزارتِ ٹیلی کام نے اسے سائبر سکیورٹی کے لیے ایک اہم حفاظتی اقدام قرار دیا ہے، تاہم وزیر اعظم نریندر مودی کے سیاسی مخالفین اور ڈیجیٹل پرائیویسی ماہرین نے اس اقدام کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام حکومت کو ملک کے 73 کروڑ اسمارٹ فون صارفین تک براہِ راست رسائی فراہم کر سکتا ہے، جس سے پرائیویسی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

صنعتی ذرائع کے مطابق ایپل بھارتی حکام کو بتائے گا کہ وہ دنیا کے کسی بھی ملک میں ایسی حکومتی پابندیوں پر عمل نہیں کرتا کیونکہ یہ آئی او ایس ایکو سسٹم میں پرائیویسی اور سکیورٹی کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایپل کا عدالت جانے یا کھلا عوامی مؤقف اختیار کرنے کا ارادہ نہیں، تاہم وہ حکومت کو واضح کرے گا کہ سکیورٹی کمزوریوں کے باعث ایسا حکم قابلِ قبول نہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *