وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کم عمر طلبہ کی گرفتاری روکنے کا حکم

لاہور(بولونیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کم عمر طلبہ کو گرفتار کرنے اور انہیں ہتھکڑیاں لگانے کے واقعات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری طور پر اس عمل سے روکنے کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں 16 سال کی عمر کے بچوں کو اسمارٹ کارڈ اور موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔ صوبے بھر میں ٹریفک پولیس کی جانب سے عوام، خصوصاً طلبہ میں شعور اجاگر کرنے کے لیے خصوصی ہفتۂ آگاہی منانے کا اعلان کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہیلمٹ نہ پہننے کی پہلی خلاف ورزی پر صرف وارننگ چالان جاری ہوگا، جبکہ ٹریفک کی مؤثر نگرانی کے لیے پہلی بار ڈرون اور باڈی کیم کا استعمال بھی شروع کیا جارہا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ

کم عمر بچوں سے زیادہ والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کے بارے میں بچوں کی رہنمائی کریں۔

ٹریفک قوانین عوام کی جان بچانے کے لیے بنائے گئے ہیں، اس لیے ہر شہری کو اپنی حفاظت کے لیے اپنی عادتیں بدلنا ہوں گی۔

’’معصوم بچوں کو گرفتار نہیں کرنا چاہتے، مگر قانون کی پاسداری ضروری ہے۔‘‘

’’بچوں کی غلطی نہیں، ہم نے انہیں ہیلمٹ پہننے کی عادت ہی نہیں ڈالی۔‘‘ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کو روڈ سیفٹی اور ہیلمٹ کی اہمیت سے آگاہ کریں۔

مریم نواز شریف نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ عوام، بالخصوص طلبہ سے عزت و احترام کے ساتھ پیش آئیں، جبکہ بداخلاقی اور بدتمیزی سے مکمل طور پر گریز کیا جائے۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 2445 پولیس گاڑیاں بھی قانون کی زد میں آچکی ہیں، جن کے خلاف کارروائی جاری ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *