لینڈ سلائیڈنگ سے دو کشتیاں تباہ، 13 افراد ہلاک، 20 زخمی، متعدد لاپتہ
لیما(بولونیوز) ایمیزون کے علاقے پیرو میں خوفناک لینڈ سلائیڈنگ کے باعث دو کشتیاں زد میں آ گئیں، جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثہ مقامی بندرگاہی علاقے ایپاریہ میں پیش آیا، جہاں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ایک کشتی مکمل طور پر ڈوب گئی جبکہ دوسری کشتی کو شدید نقصان پہنچا۔
مقامی حکام کے مطابق کشتی مسافروں کو اتارنے کے لیے رکی ہوئی تھی کہ اچانک پہاڑی تودہ آ گرا اور دونوں کشتیاں اس کی زد میں آگئیں۔ کشتیوں میں اساتذہ، ڈاکٹروں اور دیگر مسافر سوار تھے۔
حکام نے تصدیق کی ہے کہ اب تک 13 افراد کی ہلاکت اور 20 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، جبکہ 28 مسافر تاحال لاپتا ہیں، جن کی تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں جاری ہیں۔
ریسکیو ٹیمیں علاقے میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔


