شوکت خانم ماڈل اسکول شاہ فیصل ٹاؤن میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

کراچی(بولونیوز) چیئرمین شاہ فیصل ٹاؤن گوہر علی خٹک کی ہدایت پر شاہ فیصل کالونی نمبر 2 کے شوکت خانم ماڈل اسکول میں کراچی بابری لائنس کلب کے تعاون سے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ میں نیوٹریشن، فزیوتھراپی اور امراضِ چشم کے ماہر و تجربہ کار ڈاکٹروں نے طلبہ و طالبات کا معائنہ کیا اور مفت آنکھوں کا چیک اپ فراہم کیا۔

ماہرین نے بچوں کی آنکھوں کا باریک بینی سے معائنہ کیا جبکہ جن طلبہ کو فوری علاج کی ضرورت تھی ان کے لیے موقع پر ہی مناسب اقدامات کیے گئے۔ علاوہ ازیں جن بچوں کو لینس درکار تھے، اُن کے لیے مفت لینس کی فراہمی کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا۔

کیمپ کے دوران ڈائریکٹر ایجوکیشن خورشید عالم نے تمام شریک ماہرین اور منتظمین، جن میں ڈسٹرکٹ گورنر 305 ساؤتھ لائنس احسن ارشد شیخ، مدد ہیلتھ کیئر کے سی ای او میجر امان اللہ، کراچی بابری لائنس کلب کی صدر آسیہ اختر، چیئرپرسن عمران پنجوانی اور اُن کی ٹیم شامل تھی، کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خورشید عالم نے کہا کہ بچوں کی تعلیم کے ساتھ ان کی صحت و تندرستی کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ ’’صحت مند ذہن ہمیشہ صحت مند جسم میں پنپتا ہے۔ اگر ہم ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل ہونا چاہتے ہیں تو جدید تعلیم اور بہتر صحت فراہم کرنا ضروری ہے،‘‘ انہوں نے کہا۔

ڈائریکٹر ایجوکیشن نے مزید کہا کہ دین اسلام نے تعلیم حاصل کرنے کی واضح ہدایت دی ہے اور ہمارے نبی کریم ﷺ نے علم حاصل کرنا ہر مرد و عورت پر فرض قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ فیصل ٹاؤن میں قائم تمام بلدیاتی اسکولوں کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں اور مستقبل میں دیگر اسکولوں میں بھی اسی طرز پر میڈیکل کیمپ منعقد کیے جائیں گے تاکہ بچوں کی صحت اور تعلیم کے درمیان بہترین توازن برقرار رہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *