سوشل میڈیا پر فیک نیوز کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا اعلان
اسلام آباد(بولونیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سوشل میڈیا پر بڑھتی ہوئی فیک نیوز کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر 90 فیصد خبریں جعلی ہوتی ہیں اور اب اس بے لگام صورتحال کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ نیشنل میڈیا پر غلط خبر نشر ہونے پر پیمرا کارروائی کرتا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بغیر کسی تصدیق کے تصاویر اور خبریں پوسٹ کی جاتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب یہ ممکن نہیں کہ کوئی بھی شخص اپنی مرضی کی خبر لگا دے۔ انہوں نے کہا کہ: “فیک نیوز پھیلانے والے صحافی نہیں ہوتے۔” “آزادی اظہار رائے اپنی جگہ، مگر جھوٹی خبریں پھیلانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔” “سوشل میڈیا پر غلط خبر لگانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔” وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ بعض لوگ بیرون ملک بیٹھ کر ملکی اداروں سے متعلق بے بنیاد باتیں پھیلا رہے ہیں، لیکن ایسے افراد کو بھی جلد پاکستان واپس لا کر قانون کے سامنے جوابدہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی پر نہ سیاست ہوگی اور نہ ہی کسی قسم کا سمجھوتہ کیا جائے گا، جبکہ سوشل میڈیا پر کسی کی تذلیل یا کردار کشی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ محسن نقوی نے خبردار کیا کہ بیرون ملک بیٹھ کر جھوٹی پروپیگنڈہ مہم چلانے والے بھی جلد قانونی کارروائی کا سامنا کریں گے اور اپنے بیانات کا جواب دینا ہوگا۔


