ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس: 3 دسمبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں اہم سماعت ہوگی
کراچی(بولونیوز)عافیہ موومنٹ پاکستان کےترجمان محمدایوب نےکہا ہے کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی صحت، رہائی اور وطن واپسی سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر پٹیشن نمبر WP-3139/2015کی اہم سماعت 3 دسمبرکوہوگی۔ جس کی سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر کی سربراہی میں جسٹس خادم حسین سومرو، جسٹس محمد اعظم خان اور جسٹس انعام امین منہاس پر مشتمل چار رکنی لارجر بنچ کرے گا۔ڈاکٹرفوزیہ صدیقی جواس وقت ڈاکٹرعافیہ کی رہائی کی عالمی جدوجہد کےسلسلےمیں ملائیشیا کے دورے پر ہیں، ڈاکٹر عافیہ کے امریکی وکلاءسمیت سماعت میں آن لائن شرکت کریں گی۔واضح رہے کہ 20 نومبر کو ہونے والی سماعت میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت سے حکومت پاکستان سےہدایات حاصل کرنےکے لیے کچھ وقت دینے کی استدعا کی تھی۔ ترجمان محمد ایوب نے کہا کہ ایمکس بریف (Amicus Brief)کامسودہ وزارت قانون وانصاف اوراٹارنی جنرل آف پاکستان کی مشاورت سے تیار کیا گیا تھا پھر اس پر دستخط کرنے میں کیا رکاوٹ حائل ہوگئی ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ڈاکٹر عافیہ کی امریکی جیل سے رہائی حکومت پاکستان کی مدد اور توسط سے ہو تاکہ یہ تکلیف دہ معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہوجائے اور کسی کوبھی ناخوشگوار صورتحال کا سامنا نہ پڑے اور اس دردناک کیس کا باب ہمیشہ کے لیے بند بھی ہوجائے ۔ڈاکٹر عافیہ کی رہائی سے ایک بے گناہ پاکستانی ماں کو قید ناحق سے رہائی اور ایک تڑپتی و سسکتی ماں کی ممتا کو اپنے بچوں سے مل کر تسکین بھی مل جائے گی ۔


