وفاقی وزیر داخلہ کا اسلام آباد ائیرپورٹ کا اچانک دورہ، ویزا ایجنٹوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم
اسلام آباد(بولونیوز)وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے دو گھنٹے تک امیگریشن کے عمل کا جائزہ لیا اور بیرون ملک جانے والے مسافروں سے ملاقات کی۔
وزیر داخلہ نے امیگریشن پر 7 نومبر کو عملے کی کمی کی شکایت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا۔ انہوں نے سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت کی اور کہا کہ ضروری دستاویزات رکھنے والے کسی مسافر کو سفر سے نہیں روکا جائے۔
محسن نقوی نے ویزا ایجنٹوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جعلی دستاویزات یا دھوکہ دہی سے بیرون ملک بھیجنے والے ایجنٹ ملک کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ معصوم لوگوں کو ملازمت کے جھانسے میں بیرون ملک بھیجنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔


