جماعت اسلامی کا زمینوں پر قبضہ مافیا کے خلاف سخت احتجاج، پریس کانفرنس میں شدید بیانات

کراچی(بولونیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان اور نائب امیر کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ نے گلشن اقبال میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کراچی میں زمینوں و جائیدادوں پر قبضہ مافیا کی کارروائیوں کی شدید مذمت کی۔

پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ گزشتہ رات B60 بلاک 13D1 میں واقع ایک مکان پر 50 سے 60 افراد نے پولیس کی مدد سے قبضہ کرنے کی کوشش کی اور سامان باہر پھینک دیا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ “کراچی اس وقت دہشت گردوں اور قبضہ مافیا کے رحم و کرم پر ہے۔”

انہوں نے دعویٰ کیا کہ قبضہ مافیا کی سرپرستی میں میر کراچی مرتضیٰ وہاب اور سندھ حکومت شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “کلفٹن، شاہ لطیف اور نارتھ ناظم آباد سمیت کئی علاقوں میں پارکوں اور زمینوں پر قبضہ کیا جا رہا ہے۔”

جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ سندھ واقعے کی فوری تحقیقات کریں اور ڈی آئی جی و ایس ایس پی فائرنگ کے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ادارہ نور حق میں ایکشن کمیٹی ڈیسک قائم کر دی ہے اور تمام اضلاع میں عوامی کمیٹیاں بنائی گئی ہیں۔

اس موقع پر ضلعی امیر نعیم اختر، ٹاؤن چیئرمین ڈاکٹر فواد اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *