مارکیٹس جلد بند کرنے کی تجویززیرِغور،شادی ہال اورریسٹورنٹس 10 بجے تک کھلے رہیں گے، وزیر پیٹرولیم
اسلام آباد(بولونیوز) وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ ملکی قیادت مارکیٹس کو جلد بند کرنے کی تجویز پر غور کر رہی ہے۔ ان کے مطابق اگر یہ فیصلہ نافذ کیا گیا تو صرف شادی ہال اور ریسٹورنٹس کو رات 10 بجے تک کھلے رہنے کی اجازت ہوگی۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیرِ خزانہ آئندہ ہفتے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور ورلڈ بینک کے ساتھ اہم ملاقاتوں کے لیے بیرونِ ملک روانہ ہوں گے، جہاں انہیں ممکنہ معاشی دھچکوں سے آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پورے معاشی فریم ورک کا ازسرِنو جائزہ لینا ناگزیر ہو چکا ہے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے مشکل وقت میں پاکستان میں 3.5 ارب ڈالر کے ڈپازٹس رکھوائے تھے، اور اگر کسی مرحلے پر یہ رقوم واپس مانگی جاتی ہیں تو حکومت کے پاس اس کے تمام انتظامات موجود ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ قطر سے گیس کی سپلائی بند ہونے کے بعد مقامی گیس فیلڈز سے فوری طور پر 400 سے 500 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے تاکہ توانائی کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔


