سانحہ گل پلازہ،رپورٹ 7 اپریل کو سیکرٹری قانون کے حوالے کی جائے گی

کراچی(بولونیوز)سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن نے اپنی تحقیقات مکمل کر لی ہیں اور رپورٹ 7 اپریل 2026 کو سیکرٹری قانون کے حوالے کی جائے گی۔

جوڈیشل کمیشن کے رجسٹرار اقبال حسن کھٹی کی جانب سے سیکرٹری قانون کو لکھے گئے مراسلے میں بتایا گیا کہ کمیشن سندھ ٹربیونلز آف انکوائری آرڈیننس 1969ء کے سیکشن 3 کے تحت 10 فروری 2026 کے گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعے قائم کیا گیا تھا، جس کا مقصد گل پلازہ شاپنگ سینٹر میں لگنے والی ہولناک آگ کے واقعے کی چھان بین کرنا تھا۔

کمیشن کو اپنی رپورٹ مکمل کرنے کے لیے آٹھ ہفتوں کی مدت دی گئی تھی، تاہم کمیشن نے تفویض شدہ انکوائری وقت سے پہلے مکمل کر لی ہے۔ رپورٹ کے ساتھ چار اضافی جلدیں بھی شامل ہیں، جن میں کمیشن کے سامنے پیش کیے گئے مکمل ریکارڈ اور شواہد موجود ہیں، جن کی بنیاد پر حتمی رپورٹ تیار کی گئی ہے۔

کمیشن نے واضح کیا کہ رپورٹ اور تمام ریکارڈ سیل شدہ حالت میں حکومت سندھ کے حوالے کیے جائیں گے اور عوام کے سامنے اسے لانے یا نہ لانے کا اختیار بھی حکومت کے پاس ہوگا۔

کمیشن نے سیکرٹری محکمہ قانون کو ہدایت کی ہے کہ وہ 7 اپریل دوپہر 12 بجے سندھ ہائیکورٹ میں قائم کمیشن سیکرٹریٹ میں رپورٹ وصول کرنے کے لیے موجود ہوں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *