پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے خلاف سجاول کے وکلاء کا ردِعمل
سجاول(بولونیوز)پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافےکے خلاف سجاول کے وکلاء سامنے آ گئے ہیں۔ سجاول بار ایسوسیشن نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے عوام دشمن فیصلہ قرار دیا ہے۔
وکلاء کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے سے سب سے زیادہ مزدور طبقہ متاثر ہو رہا ہے، جبکہ پیٹرول اور ڈیزل مہنگے ہونے کے باعث ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی نمایاں اضافہ ہو چکا ہے، جس سے عام شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
سجاول بار ایسوسیشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے اعلان کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔ وکلاء نے خبردار کیا ہے کہ اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کی گئی تو سجاول بار ایسوسیشن احتجاج کے لیے میدان میں آئے گی۔
وکلاء کے مطابق احتجاجی تحریک کے دوران عدالتوں کا بائیکاٹ کیا جائے گا اور حکومت کے خلاف بھرپور مزاحمتی تحریک چلائی جائے گی۔ سجاول بار ایسوسیشن نے واضح کیا ہے کہ عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔


