موٹر سائیکل اور گدھا گاڑی میں تصادم، ایک شخص شدید زخمی
پاکپتن(بولونیوز)نواحی علاقے 14 کے بی ہوتہ روڈ پر ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں مخالف سمت سے آنے والی موٹر سائیکل گدھا گاڑی سے جا ٹکرائی۔ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب اچانک جانور کے بدکنے سے گدھا گاڑی بے قابو ہوگئی اور سامنے سے آنے والی موٹر سائیکل اس سے ٹکرا گئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی، زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہسپتال پاکپتن منتقل کر دیا گیا۔
حادثے کے نتیجے میں 40 سالہ محمد طارق ولد فضل دین شدید زخمی ہوا، جس کا تعلق حویلی لکھا، کوارٹر والی پلی سے بتایا جاتا ہے۔ زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جبکہ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔


