ملک بھر میں آج سے 30 مارچ تک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع
اسلام آباد(بولونیوز) محکمہ موسمیات پاکستان نے آج سے 30 مارچ تک ملک میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کے امکان کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سسٹم کے زیر اثر بلوچستان، خیبر پختونخوا، پنجاب، سندھ، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں بارش اور فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
نوشکی شہر اور گرد و نواح میں موسلادھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے، جس سے مقامی آبادی کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر پی ایم ڈی انجم نذیر کا کہنا ہے کہ فی الحال کراچی میں بارش کا امکان نہیں ہے، تاہم کل شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں معتدل اور کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمی صورتحال سے باخبر رہیں اور محفوظ مقامات پر رہیں، خاص طور پر ندی نالوں اور سیلاب زدہ علاقوں میں احتیاط برتیں۔


